بھٹکل :3؍ مارچ (ایس اؤ نیوز) بھٹکل مخدوم کالونی سے جیت درج کرنے والے میونسپل کونسلر پاسکل گومس نے جمعرات کو پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے میونسپل صدر پرویز قاسمجی پر مختلف ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی کے سنگین الزامات عائد کئے ہیں اور ڈپٹی کمشنر سے مانگ کی ہے کہ ان کی صدارت میں انجام دئے گئے تمام کاموں کی جانچ کی جائے۔
پاسکل گومس کا کہنا ہے کہ اربن بینک سے متصل پارک میں سجاوٹ کے لئے 10 لاکھ روپیوں کا خرچ بتایا گیا ہے جب کہ وہاں صرف 2 لاکھ روپئے خرچ ہوئے ہیں۔ گومس کے مطابق میں نے متعلقہ پارک کی اسٹیٹ مینٹ کاپی حاصل کی ہے جس میں 10 لاکھ روپیوں کا بل تو موجود ہے مگر وہاں نصب شدہ بورڈ پر کام کی لاگت پانچ لاکھ روپئے درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس کام پر گول مال کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے میونسپالٹی افسران کا غلط استعمال کرنے اور بےتحاشہ لوٹ مار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان کے خلاف نہ صرف سخت قانونی کارروائی کرنے بلکہ سی بی آئی کے ذریعے جانچ کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ گومس کا کہنا ہے کہ میونسپالٹی کے سبھی کاموں کے لئے میونسپل صدر ، افسران پر دباؤ بنا کر کام کروا رہے ہیں اور ان کے دستخط لےرہے ہیں۔ گومس کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ کاموں کے متعلق کسی بھی کونسلر کو اعتماد میں نہیں لیتے۔ پاسکل گومس نے صدر میونسپالٹی پر اس بات کا بھی الزام لگایا کہ مین روڈ پر واقع ان کے ذاتی کامپلکس کا ٹیکس میونسپالٹی کو ادانہیں کیاگیا ہے۔ اس سلسلےمیں میں نے چیف آفیسر کو خط لکھا تو اس خط کا فالو اپ بھی صدر میونسپالٹی ہی کررہے ہیں تو سمجھ لیجئے کہ افسران پر کتنا بڑا دباؤ ڈالا جارہاہے۔ گومس نے اس موقع پر میونسپالٹی کی چیف آفیسر پر کٹھ پتلی بن کر کام کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔
گومس نے صدر میونسپالٹی پر اسٹریٹ لائٹ کی نصب کاری پر سوالات اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ جتنی بھی لائٹ نصب کئے گئے ہیں سب چائنا میڈ اور چائنا اسمبلڈ ہیں۔ گومس نے میونسپالٹی کےلئے خریدی گئی سواریوں سمیت۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور کچرا نکاسی مرکز وغیرہ میں بھی گول مال کئے جانے کا الزام عائد کیا۔
پاسکل گومس نے صدر میونسپالٹی پر عیسائیوں کے ساتھ جانبداری برتنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آنندآشرم کانونٹ جو کرسچنوں کا ہے۔ 9.5 لاکھ روپیوں کا ٹیکس لگایا گیا ہے۔ جب کہ بھٹکل میں دیگر کئی اسکول ہیں ان سے ایک پیسہ بھی ٹیکس نہیں لیاگیا ہے۔
پاسکل گومس کے مطابق میونسپالٹی کے سبھی بدعنوانی کے معاملوں میں صدر میونسپالٹی ملوث ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل میٹنگ میں میونسپالٹی کے 17ممبران نے اپنی دستخط کے ساتھ چیف آفیسر کو خط لکھ کر بتایا تھا کہ اسٹریٹ لائٹ کے متعلق ہمیں کوئی جانکاری نہیں ہے۔
پاسکل گومس نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے صدر میونسپالٹی کی بدعنوانیوں کے متعلق ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو بھی لیٹر لکھ کر خبر دی ہے، لیکن ابھی تک ڈی سی کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ہے۔ گومس کا کہنا ہے کہ صدر میونسپالٹی ہر بات پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہو ں نے مطالبہ کیا کہ بھٹکل میونسپالٹی صدر پرویز قاسمجی کے دور میں جو بھی کام ہوئے ہیں ان سبھی کاموں کی ڈی سی کے ذریعے جانچ کرائی جائے۔
اس موقع پر ناگریک ویدیکے بھٹکل کے صدر دیویانائک نے بھی گفتگو کی اور کہا کہ بھٹکل میں ہونے والی بدعنوانیوں کو لے کر ہم ہمیشہ آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ انہوں نے پرویز قاسمجی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ادارہ بھلے پی چھوٹا ہے مگر اسی چھوٹے ادارے سے تمہیں کس طرح کا سبق سکھانا ہے ہمیں معلوم ہے۔
یاد رہے کہ میونسپل صدر پرویز قاسمجی قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کی حمایت سے نہ صرف میونسپل کونسلر بلکہ میونسپل صدر بھی منتخب ہوئے ہیں، مگر گزشتہ ماہ ہوئی میونسپل میٹنگ میں خود تنظیم کی حمایتی کونسلرس ہی ان کی مخالفت کرتے نظر آئے تھے۔ اس تعلق سے جب پرویز قاسمجی نے پریس میٹ کا انعقاد کرتے ہوئے اپنی صفائی پیش کی تو اب تنظیم کے حمایت یافتہ امیدوار کو شکست دے کر مخدوم کالونی حلقہ سے جیت درج کرنے والے کونسلر پاسکل گومس نے پرویز قاسمجی کے خلاف محاذ کھول دیا ہے اور ان پر سنگین الزامات عائد کردئے ہیں۔ اب اس تعلق سے تنظیم کا کیا موقف ہوگا وہ دیکھنا اہم ہوگا